افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کرلی جو خطرے کی گھنٹی ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تخریب کار گروپ داعش کی طرف سے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی رپورٹس کے حقائق کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ داعش کے خراسان چیپٹر نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر گرد حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ طور پر اور افغان حکام کے ساتھ مشاورت سے ہم رپورٹس کے حقائق کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تخریب کاروں کا حملہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ تخریب کاری افغانستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، لہٰذا اس کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی طاقت اور پختہ عزم کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے تخریب کاری کیخلاف جنگ کے عزائم میں پیش پیش رہا ہے۔ داعش کی جانب سے سوشل میڈیا پر عربی زبان میں ایک بیان جاری کیا گیا جس میں لکھا گیا کہ دو مسلح حملہ آوروں نے پاکستانی سفیر اور ان کے محافظوں پر ہتھیاروں اور اسنائپرز سے حملہ کیا جہاں وہ سفارت خانے کے صحن میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں