بچوں کی قسم کھاتا ہوں کوئی گھڑی فروخت نہیں کی،زلفی بخاری

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے کہاہے کہ اپنے بچوں کی قسم کھاتا ہوں کہ کوئی گھڑی فروخت نہیں کی۔نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوتے زلفی بخاری نے بتایاکہ حالیہ آڈیو لیک میں کٹ پیسٹ بہت کیا گیا، اس کا فورنزک ہونا چاہیے، جب ایک چیز فروخت ہی نہیں کی تو کیسے کہہ دوں میں نے کی ہے؟۔زلفی بخاری نے کہا کہ میرا کسی گھڑی کے لینے دینے یا فروخت کرنے سے کوئی تعلق نہیں، ملک کس صورتِ حال میں ہیں اور حکومت کو گھڑیوں کی فکر کھا رہی ہے، ایک ایسا ایشو بنایا جا رہا ہے کہ لوگوں کی توجہ دیگر مسائل سے ہٹ جائے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آڈیو جس طرح بنائی گئی ہے انتہائی مضحکہ خیز ہے، آڈیو کلپ میں الفاظ مختلف جگہوں سے اٹھا کر بنائے گئے، دعوے سے کہتا ہوں آڈیو کلپ فورنزک کیلئے بھیجیں سب پتا چل جائے گا۔مبینہ گھڑی خریدار محمد شفیق سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ان سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی تھی، جب ہماری حکومت گئی تو اس وقت شفیق کو ایف آئی اے نے اٹھایا تھا اور بعد میں وہ بیرون ملک چلے گئے تھے۔زلفی بخاری نے کہاکہ شفیق کی ویڈیو دیکھیں تو ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ کوئی تحریر پڑھ رہے ہوں، ان پر دباؤ ڈال کر غلط بیان دلوایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں