وزیراعظم کی سی ایم ایچ راولپنڈی میں بنوں آپریشن میں زخمیوں کی عیادت، دوران علاج ایک اور سپاہی چل بسا
راولپنڈی (انتخاب نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی،کسی کو تخریب کاری کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سی ایم ایچ راولپنڈی میں سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں کو کلیئر کرنے والے فوجیوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پرامن اور مستحکم ماحول کے حصول تک تخریب کاری کی تمام شکلوں اور مظاہر سے لڑنے اور تخریب کاروں، ان کے حامیوں اور سہولت کاروں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ بھی وزیر اعظم کے ہمرا ہ تھے۔ علاوہ ازیں بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلکس آپریشن میں زخمی ہونے والا سپاہی چل بسا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپاہی حلیم خان آپریشن کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا۔ زخمی سپاہی حلیم خان سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج تھا، 29سالہ سپاہی حلیم خان کا تعلق ضلع پونچھ کے علاقے ہجیرہ سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی حلیم خان 3 بچوں کا باپ تھا۔


