بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کیلئے ملک کی جامعات میں فیس معافی کے وزیراعظم کے اعلان پر عمل نہ ہوسکا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباکی ملک کی مختلف جامعات و تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباکی فیس معافی کے اعلان پر عملدرآمد نہ ہوسکا، وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباکیلئے فیس معافی کا اعلان کیا تھا، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ملک کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم بلوچستان کے سیلاب متاثرہ طلباکی سمسٹر فیس معاف کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم جامعات اور تعلیمی اداروں نے وزیراعظم کے فیصلے سے رو گردانی کرتے ہوئے طلباکو سیمسٹر فیس ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی اوراسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، پشاور اور لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبانے بتایا ہے کہ فیس معافی کیلئے ان کے کوائف متاثرہ اضلاع سے متعلقہ انتظامی آفیسران سے تصدیق بھی کرائے گئے تاہم عین موقع پر تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے فیس معاف کرنے سے انکار کرتے ہوئے طلباکو سیمسٹر فیس ادا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، متاثرہ طلباکے مطابق بارش اور سیلاب ان کا سب کچھ بہا کر لے گیا جس سے ان کے والدین شدید معاشی تنگ دستی کا شکار ہیں ایسے میں جامعات اور تعلیمی اداروں کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی کے مطالبے سے خدشہ ہے کہ بہت سے طلبااپنے تعلیمی تسلسل کو درمیان میں چھوڑدیں گے، متاثرہ طلبانے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے فیسوں کی معافی کے اعلان پر عملدرآمد کرکے جامعات اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباکی فیس معاف کریں۔ تاکہ طلبامیں پائی جانے والی تشویش دور ہوسکے۔ انہوں نے قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی اور وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے جامعات اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو مراسلہ لکھیں کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرکے بلوچستان کے طلباکو وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق ریلیف فراہم کریں۔تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری اگلے سیمسٹر میں جاری رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں