الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 43اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا
اسلام آباد(انتخاب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے لئے معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوایا تھا۔ پی ٹی آئی اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم سے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینینشن محمد ناصر خان نے جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے 22جنوری کو منظور کئے تھے۔ جن اراکین کے استعفے منظور کئے گئے ہیں ان میں انور تاج، محمد یعقوب شیخ، گل ظفر خان، جواد حسین، میجر (ر)طاہر صادق، ذوالفقار علی خان، حاجی امتیاز احمد چوہدری، ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، رضا نصراللہ گھمن، محمد ریاض خان فتیانہ، محمد محبورب سلطان،محمد امیر سلطان، راحت امان اللہ بھٹی، رائے محمد مرتضیٰ اقبال،میاں محمد شفیق، چوہدری جاوید اقبال وڑائچ ، محمد شبیرعلی قریشی، نیاز احمد جکھڑ، خواجہ شیراز محمود، سردار محمد خان لغاری، سردار نصر اللہ خان دریشک، منزہ حسن، ڈاکٹر سیمی عبدالرحمان بخاری، ثوبیہ کمال خان، نوشین حامد، روبینہ جمیل، فوزیہ بحرام، رخسانہ نوید، تاشفین صفدر، صائمہ ندیم،غزالہ سیفی، نصرت وحید، نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک، ساجدہ بیگم، نورین فاروق خان، عظمیٰ ریاض، ظل ہما، شاہین ناز سیف اللہ، لال چند، شنیلہ رتھ، جئے پرکاش اور جمشید تھامس شامل ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اب تک پی ٹی آئی کے123اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر چکا ہے جبکہ منحرف اراکین کے علاوہ صرف 2اراکین قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے ، دو اراکین کے استعفے ان کی چھٹی کے درخواست کے باعث منظور نہیں کئے گئے۔


