کوئٹہ میں جعلی فوڈ پروڈکشن یونٹ پکڑا گیا، ایک کارخانہ سیل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے ناقص اشیاء تیار کرنے والے عناصر کے خلاف جاری کاروائیوں کے دوران غیر معیاری کیچپ، سویا ساس، چلی ساس اور سرکہ بنانے والا جعلی پروڈکشن یونٹ پکڑا گیا۔ جتک اسٹاپ میں واقع پروڈکشن یونٹ سے کراچی کا ایڈریس ظاہر کردہ کیچپ اور سرکہ وغیرہ تیار کرکے سپلائی و فروخت کیا جارہا تھا، مس لیبلنگ اور قوانین کی خلاف ورزی پر پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف اشیاء کے نمونے لیکر تفصیلی لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دیئے گئے جن کی مفصل لیب رپورٹ آنے پر ذمہ داران کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دوران انسپیکشن بی ایف اے آپریشن ٹیم نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں 1 نمکو کارخانہ بھی سیل کردیا جس کی وجوہات بغیر رجسٹریشن و فوڈ بزنس لائسنس نمکو کی تیاری و سپلائی اور نمکو ذخیرہ کرنے کے انتہائی غیر صحت بخش حالات بتائے گئے۔ علاوہ ازیں جوائنٹ روڈ میں قائم 1 معروف بیکری کے بیکنگ یونٹ کو گزشتہ ہدایات کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی اور حتمی اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ ظاہر نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے جعل ساز مافیا کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں، صوبہ بھر میں خوراک کے کارروبار میں جعلسازی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کی ہدایات کے مطابق بلوچستان بھر میں محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، مضر صحت خوردنی اشیاء تیار کرنے والے عناصر اور جعل ساز مافیاز کوئی بھی روپ دھار لے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی گرفت سے بچ نہیں سکتے کیونکہ ایسے جعل سازوں کے خاتمے کے لیے سخت و بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو معیاری خوراک کاحصول ناممکن ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں