کشمیریوں نے جدوجہد ترک کی تو پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ نہیں ملے گا، سراج الحق

اسلام آباد (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے ڈرہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے سری نگرکے بعد مظفرآباد اور گلگت بلتستان بھی ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم آج پوری قوم نے دہرایا، مظلوم کشمیری قوم 200 سال سے آزادی کے لیے تڑپ رہی ہے، انگریز نے کشمیری قوم کو گلاب سنگھ کے ہاتھوں فروخت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اوسطاً 3 کشمیری نوجوان جاں بحق ہو رہے ہیں، اب تک دو لاکھ کشمیری جاں بحق ہو چکے، مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ ہے، کشمیر کے چھوٹے سے خطے میں 9 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج موجود ہے، کشمیر میں نوجوان ماو¿ں کے سامنے قتل اور نوجوانوں کے سامنے ماو¿ں بہنوں کی عصمت دری کی گئی، کشمیری بزرگوں نے اپنے بچوں کو آزادی اور جہاد کا درس دیا ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا حکومتوں کے پاس کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی کشمیرکے حق میں قراردادوں پر سب اندھے گونگے بہرے ہیں، پاکستان کے حکمرانوں نے اپنا فرض اور حق ادا نہیں کیا، ڈرہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے سری نگرکے بعد مظفرآباد اورگلگت بلتستان بھی ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا پاکستان کی فوج بہادر اور دلیر ہے، اگر کشمیریوں نے جدوجہد ترک کی تو پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ نہیں ملے گا، شہباز شریف،عمران خان اور آصف زرداری نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا، ان سیاسی حکمرانوں نے پاکستان کی غیرت مند قوم کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کیا، حکمرانوں نے ہمیں ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں