اگر بھارت یہاں نہیں کھیلے گا تو پاکستان وہاں نہیں کھیلے گا، نجم سیٹھی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت کا مؤقف ہے کہ ایشیاء کپ پاکستان سے شفٹ کرنا چاہیے۔چیف سلیکٹر ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) سے معاملے پر بات کرنا پڑے گی اور کوئی نہ کوئی پوزیشن لینا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت سے مؤقف پوچھا ہے، حکومت کا مؤقف یہی کہ اگر بھارت یہاں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی وہاں نہیں کھیلے گا۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہےکہ ہماری ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی کا ایشو ہے۔واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں