ماحل کا ایک ماہ میں 5 بار ریمانڈ لیا گیا، تعلق مسلح تنظیموں سے جوڑا جارہا ہے، انصاف دلایا جائے، اہلخانہ

کوئٹہ (آن لائن) ماحل بلوچ کے اہلخانہ پری گل نے حکومت اور حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی کانوٹس لیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ،اور اعلیٰ عدلیہ اس طرح کے واقعات کا نوٹس لیں تاکہ ہمیں انصاف مل سکے۔ یہ بات انہوں نے مسنگ پرسنز بلوچستا ن کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ کے ہمراہ بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان کیخلا ف گزشتہ 7 سال سے آپریشن کر کے ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے ہمیں نقل مکانی کرنا پڑی اور میں سماجی کارکن کی حیثیت سے صوبے میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتی رہی ہوں گزشتہ ماہ ماحل بلوچ کو انکی دو کمسن بچیوں اور میری والدہ اور ایک بھتیجی کو فورسز گھر سے لے گئے تھے جس پر ہم نے احتجاجی دھرنا دیا ہمیں یقین دہانی کے باوجودانصاف نہیں ملا ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود اسکا پانچ بار ریمانڈ لیا گیا اور اب میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے بلوچستان میں انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے کو جرم قرار دیا جا تاہے ، اور مسلح تنظیموں کیساتھ جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ کوئی قانونی نوٹس موصول نہیں ہوا اور نہ ہی کسی ایف آئی آر کا علم ہے تاکہ ہم قانونی طور پر سامنا کریں، ہماری اعلیٰ حکام، عدلیہ، سیاسی جماعتوں، علاقائی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے گزارش ہے کہ ماحل بلوچ کی اغواءنما گرفتاری کے کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھائیں تاکہ ہمیں انصاف مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں