گوادر اور کوئٹہ میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 10 ہوٹلوں سمیت متعدد پر جرمانے عائد

کوئٹہ : بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی گوادر کے مختلف علاقوں اور کوئٹہ شہر میں ناقص خوراک کی فراہمی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 10ہوٹلوں اور 2 فوڈ پوائنٹس جبکہ 2 بیکرز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ دوران انسپیکشن معمولی نقائص پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے ۔ بی ایف اے انسپیکشن ٹیم کے مطابق گوادر میں ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف مختلف وجوہات صفائی کی ناقص انتظامات ، پکوان میں مضر صحت اجزا (چائنیز نمک ، نان فوڈ گریڈ کلرز) کی آمیزش ، زائد المعیاد کولڈرنکس کی موجودگی ، کھلے و گندے ڈسٹبن ، ورکرز کی ذاتی صفائی و ماسک وغیرہ نہ ہونے اور لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کی گئی ۔ مراکز مالکان کو فوڈ سیفٹی سے متعلق فراہم کردہ ہدایت ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے اور شہریوں کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت و تنبیہ کی گئی ۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی انسپیکشن ٹیم نے کوئٹہ شہر کے مصروف ترین علاقہ پرنس روڈ پر قائم ہوٹلوں سمیت کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 معروف ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس اور 1 بیکری کو جرمانہ کیا۔حکام کے مطابق ہوٹلوں کو پکوان میں استعمال شدہ و خراب کوکنگ آئل کے استعمال ، صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات ، ورکرز کی ذاتی صفائی کی ابتر حالت اور کچن احاطوں میں انتہائی گندگی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ سوئیٹس اینڈ بیکرز شاپ کے خلاف مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی اور بیکری کے باہر گردوغبار و غبار میں جلیبی وغیرہ رکھ کر فروخت کرنے پر ایکشن لیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں