ہائر ایجوکیشن اور مصنوعی ذہانت کی بڑھتی اہمیت سے نوجوان نسل کو فائدہ پہنچائیں گے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آئی این پی) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، ہائیر ایجوکیشن کی ترقی، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی بڑھتی ہوئی اہمیت افادیت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان نے کہا کہ مستقبل شناسی کے فلسفہ کا درست ادراک حاصل کرنے سے ہی ہم حال کے دُھندلے تصورات سے اپنے مستقبل کی واضح تصویر بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں عنقریب انسان تاریخ کے مختلف ارتقائی مراحل میں پہلی مرتبہ پین لیس اور پیپر لیس فیوچر میں داخل ہو کر ایک نئی زندگی کا آغاز کرنے جا رہا ہے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹ ٹیکنالوجی ہمارے نئی نسل پر تعمیر و ترقی کے نئے دریچے کھول رہی ہیںجدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ترقی کے بغیر کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے وقت کے جدید تقاضوں سے ہمقدم ہونے کیلئے ہمیں بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں نیچرل سائنسز پر زیادہ توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پل پل بدلتی دنیا کی جدید علم پر مبنی ریسرچ سمیت دستیاب مواقعوں اور سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اس موقع پر وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے گورنر بلوچستان کو خضدار میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں