شاہ محمود قریشی کا تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ شاہ محمود قریشی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بدنیتی سے انہیں اس مقدمے میں نامزد کیا گیا، وہ بیگناہ ہیں، انہوں نے کسی قسم کا جرم نہیں کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں۔شاہ محمود قریشی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواست ضمانت خارج ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا۔فیصلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کے بعد 250 سے 300 مظاہرین نے جی ٹی روڈ کو بلاک کیا، حکومت مخالف نعرے لگائے اور پولیس پر حملہ کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مظاہرین کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی، پارٹی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے کہنے پر احتجاج ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں