بھارت: مکیش امبانی دنیا کی 10 امیر ترین شخصیات میں شامل

بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ‘ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ’ کے چیئرمین مکیش امبانی 64 اعشاریہ پانچ ارب ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کے 10 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

مکیش امبانی ‘اوریکل کارپوریشن’ کے لیری ایلیسن اور فرانس کی بیٹن کورٹ میرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے نویں امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

معاشی معاملات پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے ‘بلوم برگ’ کے مطابق مکیش امبانی کی ڈیجیٹل کمپنی ‘جیو پلیٹ فارمز لمیٹڈ’ میں کی گئی سرمایہ کاری نے اگلے سال 2021 کے لیے مقررہ اہداف کو وقت سے پہلے حاصل کر لیا ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل کاروباری شخصیات کے کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔

بھارت کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں معیشت اور منصوبہ بندی سینٹر کے چیئرمین جیاتی گوش کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے سبب معیشت کی زبوں حالی کے باوجود مکیش امبانی کے کاروبار خاص کر ٹیکنالوجی کمپنی جیو پلیٹ فارمز لمیٹڈ نے خوب ترقی کی ہے جو کہ مکیش امبانی کی دولت میں خاطر خواہ اضافے کا باعث بنی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کے مطابق ریلائنش کمپنی کے ترجمان نے مکیش امبانی کی جائیداد سے متعلق مؤقف نہیں دیا ہے۔

خیال رہے کہ مکیش امبانی بھارتی شہر ممبئی میں 27 منزلہ عمارت میں رہائش پذیر ہیں۔ جس میں 3 ہیلی پیڈز، 168 گاڑیوں کی پارکنگ، 50 نشستوں والا مووی تھیٹر، کرسٹل فانوسوں والا بڑا سا بال روم، 3 منازل پر بے بی لون تھیم کے باغات، ایک یوگا اسٹوڈیو اور فٹنس سینٹر موجود ہیں۔

جہاں ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ریلائنس آئل اور کیمیکلز کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہیں دوسری طرف مکیش امبانی کی جیو لمیٹڈ نے صرف دو ماہ میں 15 ارب ڈالرز کا کاروبار کیا جو دنیا بھر میں ٹیلی کام کی انڈسٹری میں اس سال ہونے والی سرمایہ کاری کا نصف ہے۔

تحقیقاتی ادارے ‘سینفورڈ سی برنسٹین’ کی رواں برس جون میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جیو لمیٹڈ سال 2025 تک بھارت کے موبائل صارفین کا 48 فی صد حصہ حاصل کر لے گا۔

حال ہی میں ہونے والی ایک ڈیل سے متعلق معلومات رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ریلائنس کمپنی ‘فیوچر گروپ’ کے شیئرز خریدنے کے قریب ہے۔ جس کی ‘امیزون ڈاٹ کام’ کے ساتھ پارٹنر شپ بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں