پی ایس ایل 9 ، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان سپر لیگ 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کنگز نے پشاور زلمی کا 155 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا، کیرون پولارڈ 49 اور جیمز ونس 38 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتا اور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔زلمی کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی، پشاور نے 19.5 اوورز میں 154 رنز بنائے اور پوری ٹیم آﺅٹ ہوگئی۔شعیب ملک نے صفر پر صائم ایوب کو آﺅٹ کیا، بعدازاں محمد حارث 6 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 72 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ ٹام کوہلر کیڈمور 2، رومن پاﺅل 39، آصف علی 23، عامر جمال ایک، لوک ووڈ 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔محمد ذیشان، سلمان ارشاد اور وقار سلام کوئی رن نہ بناسکے۔کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور حسن علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس کے موقع پر پشاور کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ان کی ٹیم ٹاس جیتتی تو وہ پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز دونوں ہی اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں، زلمی کو کوئٹہ نے شکست دی تھی جب کہ کراچی کنگز کو ملتان سے شکست کا سامنا ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں