ایپکس کمیٹی کا اجلاس، آرمی چیف اوروزرائے اعلیٰ کی شرکت، سب کا مل بیٹھنا خوش آئند ہے،وزیر اعظم
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقدہ کیا گیا، تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہیں جبکہ اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران کابینہ بھی شریک ہوئے، علاوہ ازیں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہیں جبکہ وفاقی وزراءبھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہیں۔اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے نگران حکومت میں بھی مو¿ثر کام کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔اجلاس کے دوران سابق نگران وزرا کی جانب سے اپنے دور میں اٹھائے گئے اقدمات پر بریفنگ بھی دی گئی۔


