ینگ ڈاکٹرز کے وفد کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال

کوئٹہ(یو این اے )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی وفد نے صدر ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ کی قیادت میں ملاقات کی،ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہسپتالوں کو چلانے کے لیے موجودہ نظام فرسودہ اور ناکارہ ہو چکا ہے جس کی نشاندہی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے روز اول سے کی تھی۔ بلوچستان کے سرکاری ہسپتال زبوں حالی کا شکار ہیں جس کو بہتر بنا کر عوام اور ڈاکٹروں سمیت دیگر ہیلتھ کیئر پرووائڈرز کے لیے مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے ، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو بہتر سروسز کی فراہمی میں دشواری کا سامنا رہتا ہے، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ کو سیمی آٹونومس ماڈل پر شفٹ کر کے ہسپتالوں کو فنکشنل اور محدود ایڈمنسٹریٹو اٹانومی دی جائے گی۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی قیادت نے وزیراعلی بلوچستان کو اس بات کا باور کرایا کہ ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے میں ان کے ہر اچھے اقدام کا خیر مقدم کریں گے اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، وزیراعلی بلوچستان کے ساتھ یہ طویل ملاقات خوشگوار ماحول میں رہی اور وزیر اعلی نے ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں