اعلیٰ سطحی اجلاس، امن و امان اور گوادر سیف سٹی کا جائزہ، سی پیک منصوبے ترقی کے ضامن ہیں، سرفراز بگٹی

گوادر(نمائندہ انتخاب)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کمشنر مکران ڈویڑن سعید احمد عمرانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے، تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امن و امان اور گوادر سیف سٹی منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، علاوہ ازیں گوادر شہر میں نکاسی آب سے متعلق اقدامات پر جی ڈی اے حکام اور سیکرٹری فشریز نے ماہی گیروں کو درپیش مسائل اور حکومتی اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتہا پسندی کی عفریت کا خاتمہ کریں گے، سی پیک منصوبے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے ضامن ہیں ، منصوبوں پر کام کرنے کیلئے چینی ماہرین اور تمام ورکرز کی فل پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، گوادر سیف سٹی منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کردیا گیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بحالی امن پہلی ترجیح، انتہا پسندی کا مقابلہ پوری قوت سے کریں گے، سیکورٹی فورسز اور پوری قوم نے ثابت قدمی سے مقابلہ کیا ہے ۔ گوادر کی ترقی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاررہی ہیں ، بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبوں پر کام جاری ہے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں