کوئٹہ میں ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہندی میں ملوث ملزم گرفتار، غیر ملکی کرنسی برآمد

کوئٹہ (یو این اے) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ نے ایک بڑی کارروائی میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے، ملزم کوئٹہ میں لائسنس کے بغیر کرنسی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔ایف آئی اے کے ایک اعلامیہ کے مطابق بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ملزم نیک محمد کو بخاری سینٹر کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا ہے، جس سے مجموعی طور پر 1457 امریکی ڈالر، 5280 یو اے ای درہم، 10493 سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔ملزم نیک محمد کے قبضہ سے ایف آئی اے حکام نے 1110 برطانوی پانڈ، 400 آسٹریلین ڈالر، 80000 انڈونیشین روپے سمیت 252 ملائیشین رنگٹ، 47500 افغانی، 655 ترکش لیرا، 15 ملین ایرانی ریال، 210 یورو، 50 نارویجیئن کرونے، 105 عمانی ریال اور 120 چائینیز یو آن بھی برآمد کیے ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کرسکا، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، ملزم سے ہنڈی حوالہ سے متعلق ریکارڈ اور موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں