علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب برآمدگی کیس، بوتل عدالت میں پیش
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف شراب برآمدگی کیس میں گاڑی سے برآمد شدہ شراب کی بوتل پیش کی گئی، جس پر گواہ نے سے ریکارڈ کا حصہ بنائے جانے کی تصدیق کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیخلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن، پراسیکیوٹر خیام عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ علی امین گنڈاپور کیخلاف کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے کی۔ کیس کے آخری گواہ یونس کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگائی گئی جس کے بعد علی امین گنڈاپور کیخلاف کیس کے تمام گواہان پر جرح مکمل ہوگئی۔ گاڑی سے برآمد بوتل بطور ثبوت عدالت میں پیش کی گئی۔ گواہ یونس نے بوتل کی بطور ثبوت ریکارڈ کا حصہ بنانے کی تصدیق کی۔ علی امین کے وکیل وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوال نامہ مہیا کردیں۔ جج صہیب بلال نے کہا کہ سوال نامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرہ عدالت میں ہونا لازمی ہے، اب علی امین گنڈاپور کو کب آنا ہے ضلعی کچہری؟ اس پر وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ کل تک سوال نامہ مہیا کردیں۔ جج نے ہدایت دی جکہ کل تک سوال نامہ دے دیا جائے گا، آئندہ تاریخ بھی بتادی جائےگی۔ بعدازاں علی امین گنڈاپور کیخلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔


