اسد قیصر کی ڈاکٹر مالک سے ملاقات، نیشنل پارٹی کو تحریک میں شامل ہونے کی دعوت
اسلام آباد (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے تحریک تحفظ آئین کے وفد نے سابق اسپیکر اسد قیصر کی قیادت میں مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی کے لاج میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ساجد ترین، اخواندزادہ حسین احمد، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی، قومی اسمبلی کے رکن پھلین بلوچ، نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک، نائب صدر رجب علی رند بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین کے وفد نے نیشنل پارٹی کو تحریک میں باقاعدہ شامل ہونے کی دعوت دی جس پر پارٹی کے مرکزی صدر نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری و سیاسی پارٹی ہے جو ملک میں جمہوریت کے استحکام پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور حالیہ انتخابات تاریخ کے بدترین انتخابات ثابت ہوئے ہیں جس میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں دعوت دی لیکن تاہم یہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے کرنا ہے پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر نے بلوچستان اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی انہوں نے کہا کہ حکمران بلوچستان کے مسئلے کو طاقت کی زور پر حل کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہیں بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل بھی سیاسی مزاکرات سے نکل سکتا ہے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے سبب بلوچستان اور وفاق کے درمیان موجود خلیج میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔


