خدابادان پنجگور میں 50 بستروں پر مشتمل اسپتال کو فوری بحال کیا جائے، بلوچ ڈاکٹرز فورم

پنجگور (انتخاب نیوز) بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ حکومت بلوچستان کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بلوچستان کے سارے اسپتال غیر فعال ہوتے جارہے ہیں حالانکہ بہت سارے نئے اسپتالوں کی عمارات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے مشینری مکمل ہے۔ اس کے باوجود اسپتالوں کا غیر فعال ہونا حیران کن اور باعث افسوس ہے۔ کئی سال سے ففٹی بیڈڈ اسپتال خدابادان پنجگور جس کی بلڈنگ کے ساتھ ساتھ تمام مشنری بھی خریدی جا چکی ہے صرف اور صرف سیاسی رنجشوں اور بیورو کریٹ بد نیتوں کی وجہ سے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری زنگ آلود اور ناکارہ ہوتی جا رہی ہے۔ بلوچ ڈاکٹرز فورم مطالبہ کرتی ہے کہ اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی تعیناتی کے لیے فوری اعلان کیا جائے اور اس اسپتال کے ساتھ ساتھ ٹیچنگ اسپتال پنجگور کو بحال کیا جائے، ترجمان نے مزید کہا پنجگور جیسے گنجان آبادی والے علاقے میں اس طرح کے اسپتال کا غیر فعال ہونا باعث تشویش ہے۔ اگر ففٹی بیڈڈ اسپتال خدابادان کو فعال کیا جائے تو لوگوں کو صحت کی سہولیات ان کے گھرکے دیلیز پر مل سکتی ہیں جو کہ لوگوں کا بنیادی حق بھی ہے۔اگر مرکوزہ اسپتال کو فعال کیا جاتا تو آج بے شمار لوگ اس سے استفادہ کررہے ہوتے لیکن حکومت وقت کی عدم دلچسپی سے اسپتال تاحال فعال نہیں اور بس ایک عمارت کی شکل میں موجود ھے۔ ترجمان نے آخر میں کہا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ففٹی بیڈڈ اسپتال خدابادان پنجگور میں ڈاکٹروں اور دیگر عملوں کی تمام خالی پوسٹوں پر تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ اسپتال کو جلد از جلد فعال کرکے علاقائی لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں