وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تعمیری لاگت 60 ارب روپے ہوگی
اسلام آباد(انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے 190 ملین پاونڈ (60 ارب روپے) کی لاگت سے تعمیر ہونے والی دانش یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 190 ملین پاو¿نڈ کی رقم قومی خزانے میں منتقل کرنے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں سے بچے یہاں آکر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، دانش یونیورسٹی میں صرف میرٹ پر داخلہ ملے گا، غریب بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا بہترین تعلیم، اساتذہ اور ریسرچ سینٹر کےحوالے سے یہ یونیورسٹی دنیا میں مقام حاصل کرے گی، 14اگست 2026 کو اس یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ 190 ملین پاونڈ رقم سے بنایا جا رہا ہے جو پاکستانی عوام کی ملکیت تھا، پچھلی حکومت نے بدقسمتی سے اس رقم کو عوام سے چھین لیا، جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے شکرگزار ہیں کہ عوام کو ان کی امانت لوٹائی۔


