بوگس پلاٹوں کی الاٹمنٹ، کیو ڈی اے کے دو سابق ڈائریکٹرز کیخلاف بدعنوانی کا مقدمہ درج
کوئٹہ (انتخاب نیوز)اینٹی کرپشن بلوچستان کی کارروائی، سابق ڈائریکٹر ٹاﺅن پلاننگ کیو ڈی اے کیخلاف 26 بوگس پلاٹس کی الاٹمنٹ میں انکوائری میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان عبدالواحد کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ منیر احمد کی زیر نگرانی اور تفتیشی آفیسر شاہ محمد مندوخیل کی قیادت میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ زاہد حسین بگٹی سابق ڈائریکٹر ٹاﺅن پلاننگ کیو ڈی اے اور سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ کمرشل کیو ڈی اے کوئٹہ کیخلاف جعل سازی، اختیارات کے غلط استعمال اور اصل ریکارڈ غائب کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ زاہد حسین بگٹی نے ہزار گنجی کمپلیکس کا اصل ریکارڈ (نقشہ جات) غائب کیے جس کی تحقیقات جاری ہے۔ اینٹی کرپشن ٹیم زاہد حسین کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔


