مولانا فضل الرحمن نے جو کچھ کہا درحقیقت زمینی حقائق کی درست ترجمانی ہے معافی کا مطالبہ کرنے والے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالات کا مشاہدہ کریں، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت علماءاسلام کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے مولانا عبدالغفورو حیدری کی جانب سے کہا گیا کہ جو لوگ مولانا فضل الرحمن سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ پہلے بلوچستان اور خیبر پختونخوا آ کر زمینی حقائق کا خود مشاہدہ کریں، پھر قوم کو بتائیں کہ معافی کس کو مانگنی چاہیے لیکن یہ اسٹیبلشمنٹ کے حواری، نام نہاد سیاسی بونے، زرخرید مولوی اور لفافہ بردار صحافی کبھی بھی اپنے آقاﺅں کو ناراض نہیں کریں گے اسی لیے وہ حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے قائد جمعیت کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی تقریر ملک بھر میں کروڑوں عوام نے سنی ہے اور انہیں مسلسل تحسین و تائید کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ پوری قوم یہ کہہ رہی ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حالات میں جو کچھ کہا، وہ درحقیقت زمینی حقائق کی درست ترجمانی ہے اور عوام کے جذبات کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اور نام نہاد حکومت جذبات سے ہٹ کر اور طاقت کے زعم سے نکل کر ٹھنڈے دل سے سوچیں کہ کیا قائد جمعیت نے جو کچھ کہا، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں؟ اگر حقائق تلخ ہیں تو اس کا جواب دلیل سے دیا جائے، نہ کہ کردار کشی، جھوٹے پروپیگنڈے اور معافی کے بے بنیاد مطالبات سے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے خلاف جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے نام نہاد سیاسی بونے، زرخرید مولوی اور لفافہ بردار صحافی اپنی غلط بیانی پر قائد جمعیت اور پوری قوم سے غیر مشروط معافی مانگیں۔ حقائق کو مسخ کرنے والوں کے پاس اب معافی کے سوا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں۔


