بلوچستان میں 16 اگست تک بین الصوبائی اور اندرونِ صوبہ مسافر بس سروس معطلی کی خبر بے بنیاد ہے، ٹرانسپورٹ اتھارٹی
کوئٹہ( آئی این پی )صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس پوسٹ کی سختی سے تردید کی ہے۔جس میں بین الصوبائی بس سروسز سمیت کوئٹہ سے کراچی اور دیگر روٹس، جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع کے درمیان چلنے والی مسافر بس سروسز کو 16 اگست تک معطل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان کے دفتر سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے بین الصوبائی بس سروسز یا صوبے کے اندر مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر بس سروسز کی معطلی کے حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن یا ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ پوسٹ میں بلوچستان صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا نام، لوگو اور دیگر سرکاری علامات استعمال کی گئی ہیں، تاہم اس پوسٹ کا صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔اتھارٹی نے عوام الناس، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور ایسی خبروں کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔


