دکی میں زہریلی گیس سے کوئلہ کان میں 3مزدور جاں بحق

دکی( آئی این پی )ضلع دکی میں مقامی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث تین کان کن مزدور جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق مزدوروں میں خان ولد پائی محمد قوم بارکزئی، سراج الدین ولد فتح محمد قوم اچکزئی اور عبداللہ قوم علیزئی ساکن افغانستان شامل ہیں۔ واقعے پر پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان ضلع دکی کے صدر شیر محمد کاکڑ نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی ذمہ داری حکومت اور محکمہ معدنیات پر عائد کی ہے۔شیر محمد کاکڑ نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کے تحفظ کے لیے مثر اقدامات نہ ہونے کے باعث آئے روز کان کن جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں کی ابتر صورتحال کے ساتھ ساتھ کانوں کے اندر بھی مزدوروں کو مناسب حفاظتی سہولیات میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث مزدوروں کے جنازے اٹھ رہے ہیں، مگر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں، مزدوروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور حادثے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں