کل بلوچستان بھر میں بدامنی، بارڈرز و سڑکوں کی بندش اور پٹرولیم مصنوعات کےخلاف شٹرڈاون ہڑتال ہوگی، ہدایت الرحمن
کوئٹہ (این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ 3 ستمبر کو ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں بھی امن کے لیے، بدامنی، دہشت گردی، بارڈرز و سڑکوں کی بندش اور پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری کے خلاف تاجربرادری اور دکانداروں کے تعاون سے شٹر ڈاو¿ن ہڑتال ہوگی۔ اضلاع اور صوبے کی سطح پر جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی ذمہ داران نے تاجر تنظیموں کے قائدین سے ملاقاتیں کرکے ہڑتال کی کامیابی کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔ تاجروں نے یقین دلایا ہے کہ یہ ہڑتال کسی ایک جماعت یا گروہ کی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ قومی ہڑتال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن کو ہر شہری ترس رہا ہے، بدامنی، مہنگائی اور دہشت گردی سے معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہے۔ انشااللہ 3 ستمبر کو ملک بھر کی طرح بلوچستان کے تمام شہر بھی مکمل طور پر بند ہوں گے۔ حکمران اور سیکیورٹی فورسز عوام کی تباہی و بربادی کا تماشہ دیکھنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بلوچستان میں امن و امان بحال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو اور 3 ستمبر کی شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ، نائب امیر صوبہ مولانا عارف دمڑ، امیر ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند اور دیگر ذمہ داران نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا، دکانداروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں اور ہڑتال کے حوالے سے ہینڈبلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر دکانداروں اور تاجروں نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے 3 ستمبر کو مکمل شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کا اعلان کیا۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو امن، روزگار اور باعزت زندگی کا حق حاصل ہے۔ آئے روز بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا، لوٹ مار اور دہشت گردی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ اسی طرح بارڈرز اور اہم شاہراہوں کی بندش سے کاروبار تباہ اور ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی ترسی کار کاروبار سے وابستہ افراد سے مختلف ناموں پر بھتہ وصولی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کی شٹر ڈاو¿ن ہڑتال حکمرانوں کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق، امن، روزگار اور محفوظ مستقبل کے لیے ایک پ±رامن اور جمہوری آواز ہے۔ حکومت بلوچستان کے عوام کے مطالبات سنجیدگی سے سنے اور بدامنی کے خاتمے، بارڈرز و شاہراہوں کو محفوظ بنانے، قانونی تجارت کی بحالی اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تاجروں، دکانداروں، صنعت کاروں، ٹرانسپورٹرز اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کی شٹر ڈاو¿ن ہڑتال کو کامیاب بنا کر امن اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے متحد ہونے کا ثبوت دیں


