مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی قابلِ تحسین ہے،بابر یوسفزئی
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کنک وادی میں کارروائی کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جو دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں اہم پیش رفت ہے۔دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کرکے مزید 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے ایک جوان کے زخمی ہونے پر افسوس ہے، قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں، دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے اور صوبائی حکومت پرعزم ہیں۔


