دکی ، کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کا حملہ،ایک گارڈ جاں بحق،12مزدور اغواء،پولیس

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں نانا صاحب زیارت کے علاقے پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے، جبکہ مسلح افراد 12 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ 40 سے 45 کے قریب مسلح شرپسندوں نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بولا۔ مسلح افراد نے مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور 12 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ اغوا ہونے والے مزدوروں میں سے 10 کا تعلق صوبہ پنجاب، ایک کا مقامی علاقے اور ایک کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور 4 گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں