طلال چوہدری اور عائشہ رجب کے بھائی کے ساتھ مار کٹائی کے واقعہ کی رپورٹ رانا ثناء اللہ کے حوالے

لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری اور (ن) لیگی خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب کے درمیان چند روز قبل ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے بنائی گئی تین رکنی انکوائری کمیٹی نے اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو پیش کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں انکوائری کمیٹی نے دونوں کا ذاتی معاملہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طلال چوہدری عائشہ رجب کے گھر خود نہیں گئے تھے بلکہ عائشہ رجب نے انہیں بلایا تھا۔ جس کا مقصد پارٹی کی تنظیم سازی نہ تھا بلکہ باہمی دیرینہ اختلافات پر بات چیت کرنا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طلال چوہدری نے عائشہ رجب کے گھر جانے کا جواز پارٹی کی تنظیم سازی بتایا تھا جو کہ غلط بیانی پر مبنی ہے۔ طلال چوہدری کے جانے پر عائشہ رجب کے بھائی کا ان سے جھگڑا ہوا تھا جبکہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین میں سے اگر کوئی اس واقعہ کے حوالے سے شکایت کرے گا تو پارٹی قیادت قصور وار رکن کے خلاف کارروائی کرے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طلال چوہدری اور عائشہ رجب کے درمیان پہلے سے ہی چپقلش چلی آرہی تھی۔ )

اپنا تبصرہ بھیجیں