مشترکہ خطرے کے خلاف سعودی عرب کی مدد کرتے رہیں گے، امریکی کمانڈر

مشرق وسطی میں امریکہ کے فوجی سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے مشترکہ خطرے کے خلاف سعودی عرب کے حق خود دفاع کے لیے بہتر اور موثر مدد کرتا رہے گا۔عرب نیوز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹ کام) کے سربراہ جنرل فرینک میک کینزی نے کہا کہ ’جو بائیڈن کی نئی انتظامیہ کی طرف سے ایسا کچھ نہیں کہا گیا یا کیا گیا ہے کہ امریکہ تہران کی عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کے خلاف مملکت کے ساتھ کام کرنا بند کر دے گا۔
جنرل فرینک نے مشرق وسطی کے انسٹی ٹیوٹ کو بتایا کہ ہماری توجہ ایسی چیزیں کرنے پر ہوگی کہ جس سے سعودی عرب کو اپنا حق خود دفاع زیادہ موثر طریقے سے کرنے میں مدد ملے گی ۔وہاں ایک مشترکہ خطرہ ہے اور وہ مشترکہ خطرہ ایران ہے۔انہوں نے کہا کہ’ پچھلے کئی ہفتوں کے دوران یمن سے سعودی عرب کے خلاف متعدد حملے کیے گئے ہیں جب بھی ہم کر سکے انٹیلی جنس کی فراہمی سے سعودیوں کو ان حملوں سے دفاع میں مدد کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ہفتے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں خارجہ پالیسی پر اپنے پہلے خطاب میں سعودی عرب کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب کو میزائل حملوں، ڈرون حملوں اور کئی ممالک میں ایرانی حمایت یافتہ فورسز سے دیگر خطرات کا سامنا ہے۔ ہم سعودی عرب کی اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے مدد کرتے رہیں گے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں