سیکورٹی اداروں کی کردار کشی کرنے والے محب وطن ایجنڈے پر کام نہیں کررہے ہیں،نواب زہری

کوئٹہ : سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان رکن صوبائی اسمبلی نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بیک ڈور رابطوں کا واویلا کرنے والے ملک کے سیکورٹی اداروں کی کردار کشی کرنے والے کسی صورت بھی محب وطن ایجنڈے پر کام نہیں کررہے جمہوریت کے چیمپئن دراصل عوام کے حقوق کے ڈاکو ہیں ایسے لوگوں کا محاسبہ جمہوریت کی بقاء اور آئین کی بالادستی کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”آن لائن“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ جو لوگ آج فوج اور سیکورٹی اداروں پر بیک ڈور روابط کا بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں وہ واضح کرتا ہے کہ ایسے عناصر نہ صرف ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیل رہے ہیں بلکہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں جو کسی کو بھی قابل قبول نہیں ایک جانب عوام کو اپنے ایماء کے لئے استعمال کرنے والی پی ڈی ایم کی قیادت جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کرکے ان مقاصد کے حصول کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں جس کا مقصد صرف اور صرف اقتدار ہے یہ خوش آئند امر ہے کہ آج عوام ان حربوں کو ناکام بناتے ہوئے اصل سیاسی جمہوری قوتوں کے شانہ بشانہ ہے جو ناصرف ملک کے استحکام کو مقدم رکھتے ہیں بلکہ ایک ایسی سیاسی جہد پر گامزن ہیں جس کی منزل ترقی اور خوشحالی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہرگز مایوس نہ ہوں ہم ان کی طرز زندگی کی بہتری کے لئے سیاسی میدان میں موجود ہیں ان کے حقوق کے جہد ہماری سیاست کا سرخیل ہے اور اس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بلوچستان بھر سے بڑی تعداد میں سیاسی جمہوری جہد کرنے والے رہنماء اور کارکنان ہم سے مسلسل رابطہ کررہے ہیں جس پر ان کے مشکور ہیں جلد ہی اپنے عوامی منشور کے ہمراہ سیاسی میدان میں ہلچل پیدا کریں گے تاہم ہم امید رکھتے ہیں کہ عوام کا یہ تعاون ہمارے ساتھ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں