جیل سے فرار 18 قیدیوں کو تین دن بعد بھی گرفتار نہیں کیا جا سکا

راولاکوٹ(صباح نیوز) راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے 18 قیدیوں کو تین دن بعد بھی گرفتار نہیں کیا جا سکا کمشنر پونچھ ڈویژن نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جیل توڑ کر فرار ہونے والے مفروروں کی گرفتاری کیلئے پونچھ ڈویژن کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ہمہ وقت چیکنگ کی جارہی ہے۔۔پولیس نے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں میں تلاش شروع کی ہوئی ہے جس میں پولیس جدید آلات ، ڈرون کیمرے اور دیگر زرائع استعمال کر رہی ہے۔ تمام مفرورین کے نام (PNIL) میں ڈالتے ہوئے تمام ائیرپورٹس کو مہیا کر دیئے گئے ہیں تاکہ بیرون ملک نہ بھاگ سکیں۔ دریں اثنا سیکریٹری ان لینڈ ریونیو چودھری رقیب نے کمیٹی ممبران کمشنر پونچھ اور ڈی آئی جی پونچھ کے ساتھ اپنی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے اور جیل میں قیدیوں اور عملہ کے بیان لینا شروع کر دیئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ثنااللہ ڈار سپرنٹنڈنٹ جیل باغ کو فوری طور پر سپرینٹنڈنٹ راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل تعینات کر دیا ہے۔ حکومت آزادکشمیر نے ایک حکم نامہ کے تحت ان مفروروں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کیلئے 30 لاکھ سے ایک کروڑ فی مفرور کل دس کروڑ بیس لاکھ روپیانعام کا اعلان کیاہے۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں