شدید بارشوں کے باعث سوئی، ڈیرہ بگٹی ٹرانسمیشں لائن کے دو ٹاور گر گئے

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز شدید بارش کی وجہ سے 132kVسوئی۔ڈیرہ بگٹی ٹرانسمیشن لائن کے دو ٹاور گر گئے جبکہ ایک ٹاور کو جزوی نقصان پہنچا جسکی وجہ سے ڈیرہ بگٹی گرڈ اسٹیشن سے منسلک کے تین فیڈروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئ۔ترجمان نے کہا کہ بروز جمعرات کیسکو کے شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) کے عملہ نے ہنگامی بنیادوں پر سامان منتقلی کا عمل شروع کر دیا ہے۔سیلاب کی وجہ سے زمینی راستہ منقطع اور جائے وقوعہ تک پہنچنے میں سٹاف کو کافی مشکلات پیش آئیں۔ترجمان نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں سٹاف نے ٹاورز کی مرمت و بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔اور توقع ہے کہ جمعہ کے روز دوپہر تک بحالی کا کام مکمل کر کے ڈیرہ بگٹی کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائیگی۔دریں اثناء ہرنائی گرڈ اسٹیشن میں بھی گزشتہ روز 10/13ایم وی اے پاور ٹرانسفارمر میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جسکے بعدحفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاور ٹرانسفارمر کو بند کرنے سے ہرنائی گرڈ اسٹیشن کے دو فیڈروں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔کیسکو کے شعبہ پی اینڈ آئی کی ٹیم نے تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لیئے جمعرات کی شام سے کام شروع کر دیا ہے اور جلد کام مکمل کر کے ہرنائی گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمر کوبھی چلا کر متاثرہ دو فیڈروں کی بجلی بحال کر دی جائے گا۔تاہم اس دوران بارش کی وجہ سے ڈیرہ بگٹی اور ہرنائی گرڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پر کیسکو نے متعلقہ صارفین سے معذرت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں