بلوچستان میں محصولات کے دائرہ کار بڑھا کر معاشی اہداف حاصل کیے جائیں، شعیب نوشیروانی

کوئٹہ (این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے ٹیکس ان سروسز کے نادہندگان کے خلاف قانونی کاروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں خدمات کے محصولات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے تاکہ صوبے کی معاشی ترقی کے اہداف بہم حاصل کئے جائیں۔ بلوچستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ان مسائل کے گرداب سے صوبہ نکل آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے اپنے پہلے دورے کے دوران کیا، سیکرٹری خزانہ محمد بابر اور چیرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نورالحق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی سربراہی میں موجودہ حکومت صوبے میں دیرپا ترقی اور استحکام کیلئے 60 نکاتی اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، صوبے میں معاشی استحکام اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اس ایجنڈے کی ترجیحات میں شامل ہے، محصولات کے نظام اور بی آر اے کے قانون میں ترمیم اور اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدن کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے، قبل ازیں، چیرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نورالحق بلوچ نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا بی آر اے نے اپنے اہداف کے حصول میں گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال 40 فیصد زائد ریونیو اکٹھا کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریبا 22 ارب روپے محصولات کی مد میں جمع کئے گئے جبکہ بی آر اے کی محنت اور کوششوں کی بدولت سرکاری خزانے میں اس سال ریکارڈ ریونیو جمع کیا گیا ہے۔ انہوں نے صوبے میں محصولات اکٹھا کرنے والے دیگر صوبائی اداروں کے ساتھ بی آر اے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا اس مد میں مجموعی شیئر 87 فیصد ہے۔ چیرمین نے مزید بتایا کہ حال ہی میں حب اور گوادر آفسز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، حب کی اس ضمن میں کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔ وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا یقین دہانی کرائی کہ اتھارٹی کے موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائے گی تاکہ نہ صرف اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ملنے والے اختیارات کا بہترین استعمال کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی خدمت کی جائے بلکہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو محصولات کا ایک مثالی ادارہ بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں