یوکرین پر ایک ہفتے میں 35حملے ، روسی وزارت دفاع نے رپورٹ شائع کردی

ماسکو(این این آئی)وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حملوں میں یوکرینی فوجی دستوں سمیت کرائے کے غیرملکی فوجیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع نے دعوی کیا کہ روس نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران یوکرین میں 35 حملے کیے، بحری اور فضائی حملوں میں یوکرین پر کنزہل ہائپر سونک میزائل اور ڈرون سمیت لانگ رینج ہتھیار استعمال کیے۔دوسری جانب یوکرین کا کہنا تھا کہ روس کے 21میزائلوں کو مار گرایا۔روسی وزارت دفاع کے مطابق حملوں میں یوکرین کی توانائی تنصیبات، دفاعی فیکٹریوں، ریلوے سسٹم، فضائی دفاع اور بارودی گوداموں کو نشانہ بنایا۔وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ روسی حملوں میں یوکرینی فوجی دستوں سمیت کرائے کے غیرملکی فوجیوں کوبھی نشانہ بنایا، یوکرین کی جانب سے روسی صنعتی و توانائی تنصیبات پر حملوں کے جواب میں یوکرین میں حملے کیے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرین نے پچھلے کچھ ہفتوں میں روس کی آئل ریفائنریز پر ڈرون حملے کیے تھے۔یوکرینی حکام نے وسطی و مغربی علاقوں کی توانائی تنصیبات پر روسی میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں