خواتین اور نوجوانوں پر مشتمل نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کی تصدیق
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما مفتاح اسماعیل نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں، جس سے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔ انہوں نے نئی پارٹی کا اعلان ایک انگریزی میں اپنے مضمون کے ساتھ ’ایکس‘ پر پوسٹ کے ذریعے کیا، تاہم جماعت کا نام سامنے آنا ابھی باقی ہے۔ کئی ماہ سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ سابق وزیر خزانہ کب نئی پارٹی بنائیں گے، ساتھ ہی یہ توقع بھی کی جارہی تھی کہ وہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے اپنی تحریر میں کہا کہ نئی پارٹی ’مختلف قسم‘ کی ہوگی اور اس کی قیادت ’خواتین اور نوجوان‘ پر مشتمل ہوگی اور پارٹی رہنماو¿ں کے لیے آئینی طور پر عہدے کی مدت کی حد مقرر کرے گی۔ سابق وزیر خزانہ نے لکھا کہ ’ہم ایک ایسی پارٹی بنا رہے ہیں جو نظریات پر مبنی ہے نہ کہ شخصیات پر جس میں دیانتدار، قابل اور فکری ایماندار پیشہ ور افراد ہوں گے۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ پارٹی کسی ایک صوبے یا نسلی گروہ کو ہدف بنانے سے گریز کرے گی اور موروثی یا خاندانی سیاست پر انحصار نہیں کرے گی جو ان کے ہم عصروں پر حاوی ہے۔


