پنجگور میں کروڑوں روپے کے سرکاری ترقیاتی منصوبے سوالیہ نشان بن گئے، تعلیمی عمارتیں خستہ حالی کا شکار

پنجگور(بیورو رپورٹ)پنجگور میں کروڑوں روپے کے سرکاری ترقیاتی منصوبے سوالیہ نشان بن گئے، تعلیمی عمارتیں خستہ حالی کا شکار۔ضلع پنجگور کے مختلف علاقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سرکاری عمارتیں مبینہ ناقص تعمیراتی کام اور عدم توجہی کے باعث خستہ حالی کا شکار ہونے لگی ہیں۔ سرکاری وسائل سے تعمیر کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال نے تعمیراتی معیار، منصوبوں کی نگرانی اور فنڈز کے مو¿ثر استعمال کے حوالے سے کئی اہم سوالات کو جنم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے مشرقی خدابادان میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی میٹرک سطح کی تعلیم کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے کلاس رومز اور پانی کی ٹینکی کی حالت توجہ طلب ہے۔ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعمیر ہونے والی عمارتوں کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر ان منصوبوں کا جائزہ لیں اور تعمیراتی معیار کی جانچ پڑتال کریں۔تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، لیکن اگر تعلیمی اداروں کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز سے تعمیر ہونے والی عمارتیں مناسب معیار اور دیکھ بھال سے محروم رہیں تو اس سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ پڑتا ہے بلکہ طالبات کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق سرکاری ترقیاتی منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور تعلیمی اداروں کو بہتر بنانا ہوتا ہے، تاہم منصوبوں کی تعمیر کے بعد ان کی نگرانی اور دیکھ بھال نہ ہونے سے سرکاری سرمایہ کاری کی افادیت پر سوالات اٹھنے لگتے ہیں۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مشرقی خدابادان سمیت پنجگور کے مختلف علاقوں میں تعمیر ہونے والی سرکاری عمارتوں کا فوری اور شفاف معائنہ کیا جائے۔ تعمیراتی منصوبوں کے معیار، مختص فنڈز اور ان کے استعمال کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، جبکہ جہاں ناقص تعمیراتی کام ثابت ہو وہاں ذمہ دار ٹھیکیداروں اور متعلقہ حکام کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔سرکاری عمارتوں کی تعمیر صرف منصوبوں کی تکمیل اور افتتاح تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ان کی پائیداری، معیار اور عوامی ضروریات کے مطابق استعمال کو بھی یقینی بنایا جائےسوال یہ ہے کہ عوامی تعلیم اور سہولیات کے لیے مختص کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز سے تعمیر ہونے والی عمارتوں کی نگرانی کون کرے گا، اور اگر تعمیراتی معیار میں کوتاہی ہوئی ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں