دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹ سے ہرا دیا

ڈبلن (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ 3 میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ پر 193 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کے لارکین ٹکر 51 اور ہیری ٹیکر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ گریتھ ڈیلانے 28 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوور میں 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عباس آفریدی نے 4 اوور میں 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد عامر نے 4 اوور میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ لی، نسیم شاہ نے 4 اوور میں 36 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ میزبان آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے باآسانی 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان کی دھواں دھار اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان نے 40 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اعظم خان 10 گیندوں پر 30 رنز کےساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، ان کی اننگز میں4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ صائم ایوب 6 رنز اور کپتان بابراعظم صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں