پیپلز پارٹی عوام کو صرف حق ہی نہیں بلکہ روزگار بھی دے گی، علی حسن زہری

حب (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹ کے سینئر صوبائی نائب صدر ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری نے حب میں گرینڈ شمولیتی پروگرام میں شرکت کی اس حب میں منعقدہ گرینڈ شمولیتی پروگرام کے دوران کونسلر اسماعیل رند اور سلیم رمضان رند نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ محبت، بھائی چارگی اور عوامی خدمت ہی ان کی سیاست کی اصل طاقت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ بہت سے لوگ آج بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے مسلسل پیغامات بھیج رہے ہیں، مگر میں کسی کو زبردستی شامل نہیں کر رہا۔ میں کسی کی وفاداری تبدیل نہیں کروا رہا، لوگ خود محبت اور اعتماد کے تحت پیپلز پارٹی میں آرہے ہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ جو لوگ مجھ پر الزام لگاتے ہیں کہ میں زبردستی لوگوں کو پیپلز پارٹی میں شامل کر رہا ہوں، وہی لوگ خود پیغام بھیج کر شمولیت کی درخواستیں کر رہے ہیں، مگر میں انہیں شامل نہیں کر رہا۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت صرف اصولوں اور عوامی خدمت کے جذبے پر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو صرف حق ہی نہیں دے گی بلکہ روزگار بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 7 افراد کو نوکریاں دلوائی جا رہی ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ کتنی نوکریاں دی جا رہی ہیں اس کا تفصیلی اعلان اس مہینے کے آخر میں ایک تقریب کے دوران کیا جائے گا، کیونکہ بعض لوگ ہر عوامی اقدام کو عدالت میں لے جا کر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ میں اسلم بھوتانی صاحب سے درخواست کرتا ہوں کہ تمیز اور عزت کے دائرے میں رہ کر سیاست کریںاور جو آپ کر رہے ہیں وہ سیاست نہیں ۔خطاب کے دوران میر علی حسن زہری نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا جاتا ہے کہ میں سندھ سے لوگ لا رہا ہوں حالانکہ بلوچستان ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ یہاں کے لوگ سندھ جانے کو تیار ہیں لیکن سندھ کے لوگ یہاں آنے کو تیار نہیں ہوتے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہم حب کے عوام کی فلاح و بہبو کے لئے جو کام کر رہے ہیں وہ ہمیں کرنے دیا جائے اور اگر اگلی بار اسلم بھوتانی آتے ہیں تو وہ بھی کام کر کے دکھائیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ اسلم بھوتانی ہر منصوبے پر اسٹے آرڈرلیتے ہیں کسی کو نوکری مل رہی ہو تو اس پر بھی اسٹے، کسی کا لوکل بن رہا ہو تو اس پر بھی اسٹے، ہر کام میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے، جبکہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور یہ کسی بھی طرح عوام کے مفاد میں نہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ اگر اسلم بھوتانی واقعی عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو آئیں، مل کر عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کریں، میں مکمل طور پر تیار ہوں۔میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ ٹانگیں توڑنے کی دھمکیاں دینے والوں کا انجام عوام دیکھ چکی ہے، عوام نے ہی اقتدار سے باہر کیا اور ضلع سے باہر کیا۔ یہ عوام ہیں، جن کے خادم بننا چاہیے، حاکم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی شفقت سے صوبائی محکموں کے تمام وزراءضلع حب کے لیے نوکریاں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انشاءاللہ رواں سال کے اختتام تک ایک ہزار نوکریاں دے کر دکھائیں گے۔آخر میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ وہ بڑے دعوے نہیں کرتے، مگر عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر کے دکھائیں گے اور پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے حب اور بلوچستان کی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں