بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت رقم کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث کراچی کے نجی ہسپتالو ں نے عوام کا علاج معالجہ بند کردیا

کوئٹہ(این این آئی)محکمہ صحت بلوچستان کے ہیلتھ کارڈ کی مد میں محکمہ خزانہ کی طرف سے5ارب روپے سے زائد کی رقم جاری نہ ہونے پر کراچی کے نجی ہسپتالوں نے ہیلتھ کارڈ پر مریضوں کاعلاج بند کردیا جبکہ بلوچستان کے پرائیویٹ ہسپتالوں نے علاج بند کرنے کیلئے 15دن کی مہلت دیدی۔محکمہ صحت کے زرائع نے بتایاکہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام غریب اورنادرا مریضوں کے علاج کی مد میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا6ارب روپے کا مقروض ہے جس میں سے محکمہ خزانہ بلوچستان نے صرف 1ارب روپے جاری کئے ہیں جبکہ 6ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال بقیہ 5ارب روپے کی رقم ادا نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے نجی ہسپتالوں کو مریضوں کے علاج معالجے کی مدمیں رقم کی ادائیگی بند ہونے کے بعد کراچی کے نجی ہسپتالوں میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت مریضوں کا علاج بند کردیا ہے جبکہ بلوچستان کے پرائیویٹ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں 15دن کے بعد علاج بند کرنے کی ڈیڈلائن دیدی ہے۔بلوچستان کے غریب اور نادرا مریضوں کا ہیلتھ کارڈ کے تحت علاج معالجہ بند ہونے سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ادھر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کو بار بار بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کیلئے رقم کی ادائیگی کیلئے لیٹر لکھے گئے لیکن تاحال محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا گیا۔ عوامی حلقوں نے محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت اسٹیٹ لائف انشورنس کو ادائیگیاں روکنے پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محکمہ خزانہ بلوچستان کوہدایات جاری کریں کہ وہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کیلئے رقم کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ مریضوں کا بروقت علاج ممکن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں