اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین کے گھروں پر پولیس چھاپے مارنا اور انہیں گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، اے این پی
کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں گرینڈ الائنس کے رہنما ضیا کاکڑ کی ساتھیوں سمیت گرفتاری ان کے گھروں پر چھاپوں اور انہیں حبسِ بے جا میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اساتذہ کرام اور دیگر سرکاری ملازمین کے گھروں پر پولیس چھاپے مارنا اور انہیں گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اور یہ عمل جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے حکومتِ وقت ملازمین کے خلاف طاقت کے استعمال اور کریک ڈان کی پالیسی ترک کرے اور ان کے جائز و قانونی مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ہوش کے ناخن لے بیان میں کہا گیا کہ اساتذہ معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ایسے میں اساتذہ کرام کو ہراساں کرنا اور ان کی تضحیک کرنا نہ صرف تعلیم دشمنی پربنی عمل ہے بلکہ قوم کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے بیان میں واضح کیا گیا کہ ضیا کاکڑ ایک قابلِ قدر محنتی اور باوقار استاد ہیں جنہوں نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنا ایک علم دشمن سوچ کی عکاسی کرتا ہے عوامی نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ گرینڈ الائنس کے تمام گرفتار رہنماں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات فی الفور تسلیم کیے جائیں بیان کے آخر میں خبردار کیا گیا کہ اگر حکومت نے طاقت کے استعمال کا راستہ نہ چھوڑا تو عوامی نیشنل پارٹی اساتذہ اور ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ہر فورم پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


