ڈگری کالج قلات انتظامیہ کی جانب سے کتب میلہ منعقد نہ ہونے دینا علم دشمنی ہے، بساک

کوئٹہ (پ ر) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈگری کالج قلات میں طالبعلموں کی جانب سے منعقد کیے جانے والے کتب میلے کو روکنے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ قلات کے مقامی طلبا کی جانب سے بنایا گیا پلیٹ فارم کے تحت ڈگری کالج میں ایک کتب میلے کا اہتمام کیا جارہا تھا لیکن کالج انتظامیہ کی جانب سے مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے رکاوٹیں پیدا کی گئیں اور کتب میلہ منعقد نہ ہونے دیا گیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ باقاغدہ کتاب اور علم دشمن عمل ہے جس کا مقصد بلوچ طلبا کو علم و شعور سے دور رکھنے کی ناکام کوششں ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں اور علاقوں میں بلوچستان کتاب کاروان کے تحت کتب میلوں کا انعقاد ہمارے تنظیمی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت ہم نے بلوچستان بھر میں کتب بینی کے کلچر کو پروان چڑھا کر طلبا کے اندر علم کا چراغ روشن کیا ہے، ہم علم و شعور پر یقین رکھتے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے ایسی ہٹ دھرمی اور تعلیم دشمن پالیسیاں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ ہم کالج انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ طلبا کی علمی و شعوری سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کے بجائے ایسے علم دوست عمل کی حمایت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں