محمود خان کا جان اچکزئی، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ اور سیٹلمنٹ افسر کو لیگل نوٹس

کوئٹہ(انتخاب نیوز)محمودخان اچکزئی پر غیر قانونی قبضے کے الزامات اور ایف آئی آرکا معاملہ، محمود خان اچکزئی نے اسسٹنٹ کمشنر ، سیٹلمنٹ آفیسر کوئٹہ اورسابق صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کو لیگل نوٹس بھیج دیے، تفصیلات کے مطابق لیگل نوٹس پشتونخوا لائرز فورم کے سینئر وکلاءکی جانب سے دیا گیا ہے ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ حبیب اللہ ناصر اور ایڈووکیٹ نعمت اللہ اچکزئی محمود خان اچکزئی کی لیگل ٹیم میں شامل ہیں، علاوہ ازیں محمود خان اچکزئی نے نوٹس دھندگان پر اپنے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا ور میڈیا ٹرائل کرنے کا الزام عائد کیا، لیگل نوٹس کے متن کے مطابق بے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے محمود خان اچکزئی اور ان خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ۔ نوٹس موصول ہونے کے 7 دن کے اندر پریس کانفرنس کرکے محمود اچکزئی اور ان کے خاندان سے معافی مانگے، مقرہ وقت کے اندر معافی مانگنے میں ناکامی پر 20ارب روپے ہرجانہ ادا کرنا ہوگا ، ہرجانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں عدالتی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی، واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کی سر براہی میں ٹیم نے 3 مارچ کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کواری روڈ پر محمود خان اچکزئی کی رہائشگاہ کے قریب کارروائی کی تھی ، ڈپٹی کمشنر نے محمود خان اچکزئی سے مبینہ قبضے کا پلاٹ واگزار کرانے کا دعویٰ کیا تھا ، کارروائی کے وقت محمود خان اچکزئی کا ایک محافظ گرفتار کیا گیا تھا، کارروائی کے وقت محمود خان اچکزئی اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے ، ڈپٹی کمشنر نے پلاٹ سیل کرکے محمود خان اچکزئی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں