کچھی کے سینکڑوں اسکولوں پر تالے لگنے لگے، ضلعی افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، عوامی حلقے

بولان(رپورٹ/رئیس فرحان جمالی)کچھی(بولان) ضلع کے مختلف علاقوں بھاگ مچھ ڈھاڈر سنی سمیت حاجی شہر بالاناڑی کے سینکڑوں اسکولوں پر تالے لگ چکے ہیں ضلع کچھی کے محکمے ایجوکیشن کے ذمہ دار آفیسران کی اپنی ذمہ داریوں غافل کی وجہ سے با اثر شخصیات نے بھی اسکولوں پر قبضہ کرکے انھیں محکمہ فوڈ کے گوداموں میں تبدیل کردیا ہے اور اپنے مال مویشی اور اناج کی بوریاں رکھ کر بچوں کو تعلیم سے دور کیا جارہا ہے طلباءو طالبات کے والدین و سرپرستوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سے فوری نوٹس لیکر ملک کے مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی اپیل کی ہے تفصیلات کے مطابق گرین بیلٹ کے سب سے بڑے ڈویڑن نصیرآباد کے ضلع کچھی کے مختلف علاقوں میں محکمہ ایجوکیشن کے کئی اسکولوں پر تالوں کا راج امڈ آیا ہے جن میں مچھ ڈھاڈر سنی،بھاگ اور حاجی شہر بالاناڑی کے اسکول سرفہرست ہیں اسکولوں پر با اثر شخصیات نے قبضہ کرلیا ہے اور انکو محکمہ فوڈ کے گوداموں میں تبدیل کرکے اپنے مال مویشی باندھ دیئے ہیں جبکہ کئی اسکول ایسے بھی ہیں جن میں اناج کی بوریوں کو رکھ کر سارا سال بند رکھا ہوا ہے جبکہ محکمہ ایجوکیشن کی کالی بھیڑوں کی ملی بھگت سے دفتری ریکارڈ میں اساتذہ و اسٹاف عملے کی حاضریاں یومیہ بنیاد پر لگا کر ماہانہ لاکھوں کی تنخواہیں وصول کی جارہی ہیں جو کھلی کرپشن اور محکمہ خزانہ کو لوٹنے کے مترادف ہے اسکولوں میں جانوروں اور گندم کی رکھی بوریوں سے اہل علاقہ کے رہائشی سخت پریشانی سے دو چار ہیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے فکرمند ہیں کیونکہ ضلع کے دور دراز اسکولوں میں انکے بچوں کو تعلیم سے دور رکھ کر ان کا مستقبل تاریخی اندھیرے میں ڈوبا دیا ہے طلباءو طالبات اور انکے والدین و علاقے کی سیاسی سماجی اور عوامی نمائندوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید درانی سے فوری نوٹس لینے اور ملک کے مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے محکمہ ایجوکیشن میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعلیم کے حصول کے بعد طلباءو طالبات ملک و قوم اور اپنے علاقے کی تعمیر ترقی خوشحالی میں کردار ادا کرکے ضلعے اور صوبے کا نام روشن کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں