یوکرین نے اسرائیل کے کہنے پر ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا، جلد جواب دیں گے، عباس عراقچی
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے یوکرین کی جانب سے ایران کے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس حملے کا جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔ اس سے قبل ایران کی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر علی نیک زاد بھی خبردار کر چکے ہیں کہ ایران پر ہونے والے ہر حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ایران کے تجارتی جہاز پر یوکرینی حملے کو اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ یوکرین نے یہ حملہ اسرائیل کے کہنے پر کیا تاکہ یورپی ممالک کو بھی اس جنگ میں گھسیٹا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق انہوں نے دونوں رہنماو¿ں کو واضح کیا کہ کیف کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔


