ماسٹر عنایت اللہ جتک کے قتل کی مذمت، واقعے کو خلق جھالاوان سے جوڑنے میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان
خضدار(این این آئی)ترجمان خلق جھالاوان (انجیرہ) نے ماسٹر عنایت اللہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کو خلق جھالاوان (انجیرہ) سے جوڑنے کی تمام کوششیں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں جاری کردہ بیان میں ترجمان خلق جھالاوان (انجیرہ) نے کہاکہ اسمہ جتک کے اغوا اور ماسٹر عنایت اللہ کے قتل، دونوں واقعات سے خلق جھالاوان (انجیرہ) کا کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان نے کہاکہ جتک قبیلے سمیت بلوچستان کے تمام قبائل خلق جھالاوان (انجیرہ) کے لیے قابل احترام ہیں اور چیف آف جھالاوان نواب ثنائ اللہ خان زہری، نوابزادہ میر نعمت اللہ خان زہری، نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری اور دیگر ذمہ داران نے ہمیشہ علاقے میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا ہے ترجمان نے کہا کہ اغوا کے واقعے کے بعد نواب ثنائ اللہ خان زہری نے متاثرہ خاندان سے واقعے پر افسوس اور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمہ جتک کی حالیہ ویڈیو سے متعلق نواب ثناءاللہ خان زہری یا نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو کوئی علم نہیں، کیونکہ نواب ثناءاللہ خان زہری عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں مکہ مکرمہ جبکہ نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری ملک سے باہر موجود ہیں بیان میں کہا گیا کہ تخت جھالاوان نے کبھی کسی قاتل کی سرپرستی کی ہے اور نہ ہی آئندہ کسی ملزم کو پناہ دے گا ترجمان نے مطالبہ کیا کہ خضدار، جھالاوان یا بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں ناانصافی کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ اور پولیس فوری کارروائی کرے اور متاثرہ خاندان کی جانب سے نامزد افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے۔


