خان شہید کے افکار پر چل کر ہی قومی اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے، نصراللہ زیرے

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پشتونخوامیپ کا اولین فریضہ ہے، خان شہید کے نظریات وافکار پر چل کی ہی قومی اہداف کو حاصل کیا جاسکتا ہے، خان شہید نے اس خطے میں فرنگیوں کے خلاف سب سے پہلے کلمہ حق بلند کرتے ہوئے ان کے خلاف باقاعدہ سیاسی عملی جدوجہد کا آغاز کیا، پشتونخوامیپ کے کارکن پارٹی کے صفوں میں مزید عوام کی شمولیت کو یقینی بناکر انہیں قومی تحریک کا حصہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی داؤد ٹاؤن میں منعقدہ اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے علاقائی سیکرٹری حمد اللہ خان بڑیچ، نعیم خان اچکزئی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی جدوجہد کا مقصد صرف فرنگیوں کو اس خطے سے نکالنا نہیں بلکہ پشتون عوام کیلئے ا ن انسانی،آئینی بنیادی حقوق کا حصول تھا جس کے وہ حقدار ہیں۔ خان شہید وہ عظیم رہنماء ہے جنہوں نے پشتونوں سمیت دیگر محکوم اقوام ومظلوم عوام کے حقوق کیلئے نہ صرف عملی جدوجہد کی بلکہ اس کیلئے سالہا سال قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی اور آخر کار بھی اسی راہ پر انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق پر ہر فورم پر نہ صرف آواز بلند کی بلکہ اس کیلئے عملی جدوجہد کی ہے اور پارٹی نے گزشتہ دور حکومت میں اپنے عوام کی جو خدمت کی آج بھی عوام اسی سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا جمہوریت، آئین کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالاستی، عوام کے ووٹ کی تقدس، قوموں کی برابری کا بیانیہ آج ملک کے تمام جمہوری قوتوں اور عوام کا بیانیہ بن چکا ہے اور ہمیں یہ فخر ہے کہ ہم ایک ایسی رہبر کی قیادت میں اپنے قوم کیلئے سیاسی جدوجہد کررہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں جس طرح دھاندلی کی گئی اور سلیکٹڈ لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا آج اس کی وجہ سے ملک کے کروڑوں عوام عذاب میں مبتلا ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کیا ہے اور لوگ نان شبینہ کیلئے مجبور ہیں۔ اسی طرح امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے عوام کو جان ومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار کیا ہیں ان نااہل، سلیکٹڈ، ناکام حکمرانوں سے نجات کیلئے عوام کو اپنی صفوں کو برابر کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جاری سیاسی جمہوری تحریک کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا کیونکہ پی ڈی ایم ہی ملک کے 22کروڑ عوام کو ان نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات اور ملک کو اپنے تاریخ کے بدترین بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں