نااہل اور سلیکٹڈ حکومت ہی بحرانی صورتحال کے ذمہ دار ہے، مولانا واسع

کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ بحرانوں کی صورتحال کے ذمہ دارنااہل اور سلیکٹڈ حکومت ہے نااہل حکومت کی وجہ سے مزید کروڑوں کی تعداد میں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں، بلوچستان حکومت عوام کو روزگار دینے کی بجائے ان کی معاشی قتل عام کررہی ہے، تاجر برادری کو عید کے موقع پر کاروبار کا موقع نہ دینا نااہل حکومت کی نااہلی ظاہر کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاجر طبقے نے ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کیا ہے مگربدقسمتی سے جب سے سلیکٹڈ حکومتوں کو عوا م پر مسلط کیا گیا ہے ان کی نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے ملک کے عوام غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں اور آج حکومت کی نااہلی کی وجہ سے تاجر برادری اپنا کاروبار نہیں کرسکتے کورونا کی وبا ء سے نمٹنے کے لئے اگر حکومت اور تاجر برادری مشترکہ طور پر ایس او پیز طے کرکے اس پر عملدرآمدکرائیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں مگرموجودہ حکومت تاجروں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان پر روزگار کے مواقع بند کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کا ہر شخص عمران خان کی تبدیلی کے سونامی کی قیمت ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرض نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، وزیراعظم صاحب!بے شک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے، مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے۔ عمران خان کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، پونے 2 لاکھ روپے قرض کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کر رہا ہے، قرضہ اگر کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی میں پِستا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں