زہری میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، نواب زہری

خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ تحصیل زہری میں سیاسی و قبائلی ورکر محمد شریف زہری پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے انتظامیہ حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹھرے میں لائے تحصیل زہری میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال سے شہری خوف و حراس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں زہری بازار کے قریب شریف زہری پرقاتلانہ حملہ امن وامان کی مخدوش صورتحال کو واضح کررہی ہے۔ تحصیل زہری میں ہر چند روز بعد بے گناہ شہریوں پر قاتلانہ حملہ حکومت اور مقامی انتظامیہ کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی انتظامیہ تحصیل زہری میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائے اور وہاں شہریوں کو تحفظ کا احساس دلائے۔ گزشتہ روز قاتلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے شریف زہری دیرینہ سیاسی ورکر ہے جنہوں نے عوام کی بلدیاتی نمائندگی بھی کی۔انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انتظامیہ تحصیل زہری میں دیر پا قیامِ امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ شہریوں کو وہاں تحفظ کا احساس ہو اور وہ بلاخوف وخطر اپنے معمولات زندگی سرانجام دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں